لدھیوالہ :ایل پی جی کی ریفلنگ کرتے سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی

ساتھ والی دکان میں سینکڑوں پرندے بھی جل گئے،ریسکیو 1122 تاخیر سے پہنچی 
لدھیوالہ وڑائچ (خصوصی رپورٹ)کوٹ اسحاق میں ایل پی جی کی ریفلنگ کرتے سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی، ساتھ والی دکان میں سینکڑوں پرندے بھی جل گئے، بار بار اطلاع کے باوجود ریسکیو 1122 کی ٹیم ایک گھنٹے میں جائے حادثہ پر پہنچی، لوگ اپنی مدد آپ آگ بجھانے کی کو شش کرتے رہے۔ ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ پر پابندی کے باوجود کوٹ اسحاق میں ریفلنگ کرتے ہوئے سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ اور آگ بھڑک اٹھی آگ سے دکان کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ ساتھ والی دکان میں پرندے اور مرغیاں بھی جل کر کوئلہ بن گئیں تاجر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کو شش کرتے رہے۔ دوسری جانب دکان داروں کا کہنا ہے کہ بار بار کال کرنے کے باوجود ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر ایک گھنٹے بعد پہنچی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ رہائشی آبادی میں ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ سے آئے روز ہونے والے حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ پر قابو نہیں پا سکی۔