تاجروں کاکفن پہن کرجناح چوک میں مظاہرہ،نیلامی کے بائیکاٹ کا اعلان
پاکپتن(خصوصی رپورٹ) بلدیہ کی دکانوں کی نیلامی کے معاملہ پر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی،انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کفن پہن کر جناح چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا،تاجر برادری نے بلدیہ کی دکانوں کی نیلامی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا،اس موقع پر انجمن تاجران کے مرکزی رہنما محمد حسین حسینی، زاہد اقبال کھوکھر، شیخ ساجد محمود، چودھری عمران امرتسری اور دیگر رہنما ئوں کی بڑی تعداد موجود تھی، ارکان اسمبلی ایم این اے رانا ارادت شریف اور ایم پی اے ڈاکٹر فرخ جاوید کے نمائندہ مسلم لیگی رہنما سابق چیئرمین بلدیہ سید ہادی زیدی اور چودھری محمد فاروق بھی دھرنا میں شامل تھے،دکانوں کی نیلامی کے خلاف تاجروں کی بڑی تعداد نے جناح چوک میں دھرنا دیا تھا،تاجر برادری نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ دیگر شہروں کی طرح عارف والا کی سرکاری دکانوں کے کرایہ جات میں مناسب اضافہ کیا جائے،تاجر برادری پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہی ہے، وہ کرایہ جات میں بے تحاشہ اضافہ کو تسلیم نہیں کرتے، تاجر رہنما ئوں کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس معاملہ کا فوری نوٹس لیں اور ارکان اسمبلی بھی ہماری آواز اعلی ایوانوں تک پہنچائیں، بصورت دیگر ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔