3 ملزمان گرفتار، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا واقعہ کا نوٹس، ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں بچوں کی لڑائی سے پیدا ہونے والی معمولی رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد قتل اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، قتل ہونے والا ایک مقتول بیچ بچا کراتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنا۔پولیس کے مطابق محمد قاسم نے بتایا کہ بھائی محمد اقبال وغیرہ کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کر رہا تھا کہ چونگی چوک کے قریب آریان اور معظم وغیرہ کا سجیل اور مزمل وغیرہ سے سابقہ رنجش پر جھگڑا ہورہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہم ان میں بیچ بچا کرانے لگے کہ اچانک آریان اور معظم نے پسٹل نکال لیے اور یہ کہتے ہوئے کہ آج تمہیں اپنے کزن محسن کا ساتھ دینے کا مزہ چکھاتے ہیں فائرنگ شروع کردی۔بیان کے مطابق گولیاں لگنے سے میرے بھائی محمد اقبال ، سجیل اور مزمل شدید زخمی ہوئے جہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن محمد اقبال اور سجیل جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گے، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔