ڈمپر جلانے کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا، چاہے مجھے بھی گرفتار کرلیں: فاروق ستار

 ڈمپر مافیا قانون کو ہاتھ میں لے کر شہر میں ریاست چلا رہا ہے،آفاق احمد کو عجلت میں گرفتار کیا گیا
حالات کسی وقت بھی ایٹم بم کی طرح پھٹ سکتے ہیں،، آخری وارننگ دے رہا ہوں، پریس کانفرنس 
 کراچی(آئی این پی )ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آفاق احمد کو عجلت میں گرفتار کیا گیا جس کی بھرپور مذمت اور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں،ڈمپر جلانے کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا ،مجھے بھی گرفتار کرلیں، شہر میں لسانی فسادات کیلئے ایک بار پھر سٹیج سجایا جارہا ہے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ڈمپر جلانے کے پیچھے نہ آفاق ہیں نہ ایم کیو ایم، ہم عوام کی کیفیت بیان کررہے ہیں۔ شہر میں ڈمپر جلانے کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا، اب چاہے تو اس بیان پر مجھے بھی گرفتار کرلیں، شہر میں لسانی فسادات کیلئے ایک بار پھر اسٹیج سجایا جارہا ہے، آفاق احمد کی گرفتاری کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، یہاں حالات کسی وقت بھی ایٹم بم کی طرح پھٹ سکتے ہیں، 100 افراد کی ہلاکت کے باوجود وزیر اعلی یا کسی اعلی قیادت کی جانب سے کوئی ہمدردی کا بیان نہیں آیا۔ شہر کی صورتحال پر حکومت کو فورا تلاش کرنا ہوگا، ورنہ 85 سے زیادہ بدتر حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، پر امن احتجاج اور عوامی رابطے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جماعت اسلامی بھی اس میں اپنا حصہ ڈالے جو اس وقت پیپلز پارٹی کی بغل میں چھپی ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو سازش کامیاب ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈمپر مافیا قانون کو ہاتھ میں لے کر شہر میں ریاست چلا رہا ہے اور جرائم مافیا اپنے مفادات کو فروغ دے رہا ہے۔