6سالہ ام کلثوم اورتین سالہ وارث اتوار کو لاپتا ہوگئے تھے ، لاشیں قبرستان سے ملیں ،متعدد مشتبہ افراد زیر حراست
نارووال(آئی این پی)نارووال کے نواحی گاں بھیکو چھور سے اتوار کو لاپتا ہونے والے کم عمر بہن بھائی کی لاشیں مل گئیں۔رپورٹ کے مطابق 6 سالہ امِ کلثوم اور 3سالہ محمد وارث کو نامعلوم حملہ آوروں نے مبینہ طور پر لوہے کی سلاخوں اور پتھروں سے مار کر قتل کر دیا۔مقتولین کے والد محمد کاشف نے پولیس کو بتایا کہ بچے شام ساڑھے 6بجے کے قریب قریبی دکان سے ٹافیاں اور بسکٹ خریدنے کے لیے گھر سے نکلے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔کاشف نے اپنی شکایت میں سیالکوٹ صدر پولیس سٹیشن کو بتایا تھا کہ ہم نے مقامی افراد کی مدد سے گائوں کے ہر گھر کی تلاشی لی، لیکن بچے نہیں ملے، انہوں نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ بچوں کو اغوا ء کر لیا گیا ہے۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کر لی تھی، پیر کی صبح اطلاع ملی کہ 2لاشیں گائوں کے قبرستان میں پڑی ہیں، جو متاثرہ بچوں کے گھر سے صرف 200فٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کی تصدیق کی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد بھی موقع پر پہنچے ۔ابتدائی رپورٹس اور طبی معائنے کے مطابق بچوں کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لیکن ان کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی۔ڈی پی او کے مطابق کئی مشتبہ افراد جن میں مقامی افراد اور خاندان کے افراد بھی شامل ہیںکو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ بچوں کے والد نے بتایا کہ ان کی علاقے میں کسی سے کوئی دشمنی نہیں، اور وہ روزگار کی خاطر سیالکوٹ میں مقیم ہیں۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔