بڑی بہن نے طیش میں آکر چھوٹی کو چھریاں مار دیں، ویڈیوز بنانے اور فالوورز بڑھانے کے معاملے پر تلخ کلامی افسوسناک اور خوفناک انجام پر ختم ہوئی:پولیس
گوجرانوالہ(آئی این پی )گوجرانوالہ میں ٹک ٹاک ویڈیو اور فالوورز کے تنازع پر بڑی بہن نے چھوٹی بہن کو قتل کر ڈالا، دونوں بہنیں فوڈ وی لاگنگ کرتی تھیں ۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے مدو خلیل میں سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک فالوورز بڑھانے کے معمولی تنازع پر دو بہنوں کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی انتہائی افسوسناک اور خوفناک انجام پر ختم ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ بڑی بہن نے طیش میں آ کر چھوٹی بہن پر چھریوں کے وار کر کے اسے قتل کر دیا۔مقتولہ کا تعلق ایک محنت کش خاندان سے ہے جبکہ والد پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہیں جن کی 6 بیٹیاں اور 1 بیٹا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں بہنیں اکثر فوڈ وی لاگنگ کرتی تھیں اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متحرک رہتی تھیں، ویڈیوز بنانے اور فالوورز بڑھانے کے معاملے پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی جو خونریز جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔مقتولہ کے والد نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کا سوشل میڈیا کی مصروفیت میں الجھنا اس المناک حادثے کا سبب بنا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی ایک بیٹی سے محروم ہو گئے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بڑی بیٹی کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوانا چاہتے ہیں۔واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔قتل میں ملوث بڑی بہن کو گرفتار کر کے زیرِ حراست لے لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔