دھند ،حادثات ،میاں بیوی سمیت 6 ہلاک

 بصیر پور میں ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار کاشف نواز ،اس کی اہلیہ ارم اور بھاوج کنزہ عمیرکو کچل ٓدیا،ڈرائیور فرار
 ملگدا چوک میں کار سوار 2افراد،قصور میں موٹرسائیکل سوار نے دم توڑا، موٹرویز عارضی بند، ٹرینوں کا شیڈول متاثر 
لاہور ،اوکاڑہ ،دیپالپور، بصیرپور،ملگدا چوک، قصور( کرائم رپورٹر)پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ،اس دوران کئی شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق ،3زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کی تحصیل بصیر پور میں غوث پورہ بائی پاس پرڈسپوزل سٹیشن کے قریب تیزرفتارٹرالر نے شدید دھند کے دوران آگے جانیوالے موٹرسائیکل سوارمیاں بیوی سمیت 3افراد کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں بصیر پور کا رہائشی 30سالہ کاشف نوازشریف ، اس کی بیوی 30 سالہ ارم اور 25 سالہ بھاوج کنزہ عمیر موقع پر ہی دم توڑ گئے، کاشف نواز اہلخانہ کے ہمراہ حویلی لکھا جا رہا تھا،ٹرالرڈرائیورموقع سے فرارہوگیا ،پولیس نے ٹرالرقبضہ میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔علاوہ ازیں چک نمبر 37 فور ایل پاکپتن روڈ پر ملگدا چوک کے قریب شدید دھند کے باعث ایک کار برساتی نالے میں جا گری جس کے باعث چک نمبر 37 فور ایل کے رہائشی کار سوار 2 افراد 45 سالہ خضر حیات اور40 سالہ محمد اجمل جاں بحق ہوگئے جبکہ 25 سالہ ارشادغفور زخمی ہو گیا۔ ادھر قصور کے نواح پکی حویلی کے قریب فیروز پور روڈ پر شدید دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی کے اچانک بریک لگانے پر پیچھے سے آنے وا لی 2 موٹرسائیکلیں یکے بعد دیگرے ٹرالی سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں ایک موٹرسائیکل سوار 26سالہ عدنان ولد گلزار موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی 37سالہ وحید زخمی ہوا۔دوسری موٹرسائیکل پر سوار 15سالہ حمزہ لیاقت بھی زخمی ہو گیا۔