ساہیوال میں موٹرسائیکل سوار 3افراد نے دم توڑا، آگ لگنے سے لاشیں ناقابل شناخت
ٹوبہ میں بس کی کاراور موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹی سمیت 4فرادچل بسے، ڈرائیور فرار
لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک ، بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، خطہ پوٹھوہار اورکشمیر میں صبح کے اوقات چند مقامات پر کہرا پڑا ، میدانی اضلاع میں دھند چھائی رہی ،اس دوران مختلف شہروں میں المناک ٹریفک حادثات کے د وران ماں بیٹی سمیت 9 افراد جاں بحق،5شدید زخمی ہو گئے، جبکہ خراب موسم کے باعث ملک بھر میں 8 پروازیں منسوخ کردی گئیں ، 53 کی آمد و روانگی میں تاخیر ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونحوا کے میدانی اضلاع میں گزشتہ روز بھی شدید دھند چھائی رہی، بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہا، آج بھی موسم سرد اور خشک ، میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائیرہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی12، سکردومنفی10، گوپس منفی 9، استور منفی 8، گلگت منفی 7 ، بگروٹ ،ہنزہ منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔ادھر لاہورمیں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے سبب 4 پروازوں نے اسلام آباد لینڈنگ کی جبکہ اسلام آباد گلگت کی قومی ایئر لائن کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق لاہور ابوظہبی کی غیرملکی ایئرلائن اور اسلام آباد سکھر کی دو دو پروازیں منسوخ کردی گئیں،جدہ لاہور کی 2 پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا جبکہ ابوظہبی نجف سے لاہور کی پروازوں کی بھی اسلام آباد لینڈنگ ہوئی۔ادھر سرگودھا (ساہیوال)میں جھنگ روڈ پر روئی سے بھرا ٹرک سبز منڈی ساہیوال کے قریب شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل سے ٹکرا گیاجس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 2 خواتین اور 1 مرد موقع پر جاں بحق ہو گئے،حادثے کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور ٹرک جل کر تباہ ہو گیا جبکہ تینوں لاشیں بھی جل کر ناقابل شناخت ہو گئیں، لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا ، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔دوسری جانب جھنگ روڈ پر ہی اعواناں والی پل کے قریب تیز رفتار ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں رجانہ مل موڑ پر چک نمبر 269 گ ب کے قریب تیز رفتارمسافر بس گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے پہلے سامنے سے آنیوالی کار اور پھر موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں وہاڑی کا رہائشی کار سوار 50 سالہ منشا ، 40 سالہ ممتاز بی بی اور اس کی 16 سالہ بیٹی ماہ نور دم توڑ گئی جبکہ منشاء کے 2 کمسن بیٹے بلال اور حسن شدید زخمی ہوگئے جبکہ ٹوبہ کا رہائشی موٹر سائیکل سوار محمد فیض بھی زد میں آکر جاں بحق ہو گیاجبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی ،حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری کو قرار دیا جا رہا ہے ، بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ،رجانہ پولیس نے قانو نی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔