دھند اندھا دھند ، سڑکیں بند ، پروازیں بھی متاثر

شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ،فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث موٹرویز اور سڑکیں مختلف مقامات پر بند رہیں جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی شدید دھند کے باعث فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم 2لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3فیض پور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند رہی، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پربھی ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیدیا گیا، قومی شاہراہوں پر بھی دھند کی وجہ سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، بہاولنگر، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں دھند کے ڈیرے رہے، شہریوں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق عوام غیرضروری سفر سے گریز کریں، ڈرائیورز فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ابو ظہبی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 433دھند کے باعث تاخیر کا شکار رہی، دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 433بھی شدید دھند کے باعث بروقت نہ پہنچ سکی جبکہ دبئی سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز 359دھند کے باعث منسوخ کر دی گئی۔پی آئی اے کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 726دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی، نجی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 402دھند کے باعث تاخیر سے لاہور پہنچی، لاہور سے دوحا جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز 629طیارے کی عدم دستیابی کے باعث روانہ نہ ہو سکی۔لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 401دھند کے باعث بروقت اڑان نہ بھر سکی جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 410 طیارے کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار رہی۔