اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کے ساتھ قید کی سزا کاٹنے والی ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے الزام عائد کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بھی جیل میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں مریم ریاض وٹو نے کہا کہ آٹھ ہفتوں سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ اور وکلا کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے والوں کو یہ یاد دہانی کرانا ضروری ہے کہ بشریٰ بی بی بھی جیل میں قیدِ تنہائی کا سامنا کر رہی ہیں؟مریم ریاض وٹو کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب 190 ملین پاؤنڈ کیس میں قید پی ٹی آئی کے بانی کی تینوں بہنیں اڈیالہ جیل روڈ پر گورکھپور چیک پوسٹ کے قریب دھرنا دیے بیٹھی ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ میڈیا سے گفتگو کے دوران بانی کی بہنوں نے اپنی بھابی بشریٰ بی بی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔اس تناظر میں بعد ازاں مریم ریاض وٹو کی جانب سے ایکس پر یہ شکایت سامنے آئی۔ انہوں نے ایک اور پیغام میں دعویٰ کیا کہ موجودہ حالات میں بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے بانی کے خلاف 9 مئی کے واقعات کو جواز بنا کر جعلی مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔