پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کیخلاف موثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں
پاکستان کو سرحد پار موجود دہشت گرد عناصر سے مسلسل خطرات لاحق ہیں، جنہیں ہمارے دشمنوں کی حمایت حاصل ہے:ترجمان کا بیان
اسلام آ باد(آئی این پی)دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں وزارتِ خارجہ نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قربانیاں قوم کے اس پختہ عزم کی علامت ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔اے پی ایس کا اندوہناک سانحہ تاریخ کی بدترین انسانیت سوز کارروائیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اے پی ایس کے شہدا کی یاد اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ آج بھی ایک فوری اور ناگزیر ضرورت ہے۔ پاکستان اس جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کو بھاری معاشی و سماجی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، جو پاکستان کے فرنٹ لائن کردار کا ثبوت ہیں۔وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم پاکستان کو سرحد پار موجود دہشت گرد عناصر سے مسلسل خطرات لاحق ہیں، جنہیں ہمارے دشمنوں کی حمایت حاصل ہے۔