افغان طالبان کی حکومت آنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا دفتر خارجہ

دہشتگردوں کے کسی گروپ سے مذکرات نہیں ہونگے،امید ہے طالبان  ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کریں گے‘ دہشت گردوں کے خاتمے تک  تجارت بند رہے گی
 دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے  نرم گوشہ نہیں ہونا چاہیے، بھارت نے امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی 
اردن کے شاہ عبداللہ دوم 2روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، اعلی ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا:  ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی  کی  ہفتہ وار  میڈیا بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے  افغان طالبان کی حکومت آنے کے بعد سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے افغان طالبان اپنے ہاں موجود ٹی ٹی پی کے خلاف خلاف کارروائی کریں گے،دہشتگردوں کے کسی گروپ سے مذکرات نہیں ہونگے ،اردن کے شاہ عبداللہ دوم 2روزہ دورے پر آج(ہفتہ کو) پاکستان پہنچیں گے،انہیں اعلی ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے  ہفتہ وار  میڈیا بریفنگ میں کہا کہ افغان رجیم کے دوران دہشت گردی میں اضافہ ہوا، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا،ا فغان رجیم کی باتیں کھوکھلے دعوے کے سوا کچھ نہیں ۔دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے لئے  کوئی نرم گوشہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان سے مذاکرات ہوئے، افغان طالبان سے مذاکرات کے معاملے میں دوست ممالک کی کاشوں کو سراہتے ہیں مگر ہم واضح کردیں کہ دہشت گردوں کے کسی گروپ سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پشتون قوم پرستی کو بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے،  پاکستان میں سرگرم دہشت گرد افغان گروپوں پر مشتمل ہیں، امید ہے افغان طالبان اپنے خطے میں موجود تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔   انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوششوں کی۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہناتھاکہ شاہ عبداللہ دوم آج  15اور16نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے،اردن کے بادشاہ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر دورہ کریں گے۔ترجمان کا مزید کہناتھا کہ دورہ پاکستان اوراردن کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے،شاہ عبداللہ دوم صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے،دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی جائے گی، ایوان صدر میں شاہ عبداللہ کو اعلی ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔