حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہے:رانا ثنا اللہ

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہے:رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ نہیں ہوتا، یہ سسٹم نہیں چل سکتا۔

 قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اپوزیشن کو پیغام دیا کہ وہ سیاسی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس بات کا پیغام دینا ہوگا کہ حکومت سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے، اور وہ اس مقصد کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، جس کا نتیجہ نکلنے کی امید ہے۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پانچ چھ ہفتے قبل ایوان میں آ کر اپوزیشن سے ہاتھ ملا کر مذاکرات کی پیشکش کی تھی، لیکن اس وقت بھی اپوزیشن کی طرف سے کوئی مثبت ردعمل نہیں آیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے 25 نومبر کی رات کا ذکر کیا، جب مذاکرات کے لیے جیل میں رسائی دی گئی تھی، لیکن اس وقت بھی مذاکرات کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جن کی جان گئی ہے، ان کے لیے افسوس ہونا چاہیے تھا، اور دونوں طرف سے اس بات کا دکھ ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے سیاسی سطح پر بات چیت کے آغاز کی ضرورت کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس سے ہی ملک میں سیاسی استحکام آ سکتا ہے اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہو سکتی ہے۔