حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کے لیے تیار ہے: رانا ثناء اللہ

حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کے لیے تیار ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ فوج کا مینڈیٹ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنا نہیں، بلکہ مذاکرات سیاسی جماعتوں کے درمیان ہی ہوتے ہیں اور یہی ان کا دائرہ اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوابدید ہے کہ وہ ڈائیلاگ کرتی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی خود کہہ چکے ہیں کہ وہ مذاکرات کے بجائے اسٹریٹ موومنٹ چلانا چاہتے ہیں۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایجنڈا 9 مئی، انارکی اور افراتفری ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بانی کی ہدایات پر مختلف مقامات کے چکر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال بری طرح ناکام ہوگی اور عوام اس اقدام کو مسترد کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا افغانستان سے متعلق مؤقف غیر ذمہ دارانہ، قابل مذمت اور قومی مفادات کے خلاف ہے۔