اسلام آباد میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ملاقات طے پا گئی ہے، تاہم اس ملاقات کے دن، وقت اور مقام کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق دونوں جانب سے رابطے جاری ہیں اور جلد تفصیلات حتمی ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مختلف آپشنز پر تیار ہیں، ملاقات ان کی میزبانی میں یا پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی ہو سکتی ہے۔ اگر 8 فروری سے قبل ملاقات کرنے سے اپوزیشن لیڈر کی سیاسی پوزیشن متاثر ہو، تو یہ ملاقات بعد میں بھی کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی اعلان کیا ہے کہ حکومت کی مذاکرات کی پیشکش کو غیر مشروط طور پر قبول کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں مذاکرات کی دعوت دی تھی، جس پر اپوزیشن میں تفصیلی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔