شہید محمد ارشد کے اہل خانہ کو 1 کروڑ 75 لاکھ کا گھر مل گیا

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے فنڈز جاری کئے
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہید سب انسپکٹر محمد ارشد کے اہل خانہ کو 1 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کے اہلخانہ کو ان کی پسند کے مطابق نجی ہاوسنگ سکیم (بحریہ آرچرڈ رائیونڈ روڈ) میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا ہے۔سب انسپکٹر محمد ارشد نے رواں سال اپریل میں جام شہادت نوش کیا،سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کے لواحقین میں اہلیہ اور 3بیٹے شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر محمد ارشد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جام  شہادت نوش کیا،پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،پنجاب پولیس سب انسپکٹر محمد ارشد شہید جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے۔