اسلام آباد (آئی این پی)حکومت نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )سے مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے شرط رکھ دی ہے کہ اس بات کی ضمانت دی جائے مذاکرات میں جو بھی طے پایا سابق وزیر اعظم عمران خان اسے تسلیم بھی کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لئے بانی پی ٹی آئی کی گارنٹی مانگی ہے اور اس حوالے سے اپنا پیغام تحریک انصاف کی قیادت تک پہنچا بھی دیا ہے ۔حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی حکومت اور اپوزیشن کے معاملات کو گڈی گڈی سمجھتے ہیں، اگر انہوں نے مذاکراتی عمل کو تسلیم نہ کیا تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔