محمد احمد خان کا عالمی اسکالرشپ کے لیے انتخاب پاکستان کے لیے فخر کا سبب ہے:وزیر اعلیٰ سندھ

محمد احمد خان کا عالمی اسکالرشپ کے لیے انتخاب پاکستان کے لیے فخر کا سبب ہے:وزیر اعلیٰ سندھ

محمد احمد خان گیلاؤڈیٹ یونیورسٹی امریکا کی ورلڈ ڈیف لیڈرشپ اسکالرشپ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

 اس کامیابی پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسے سندھ اور پاکستان کے لیے فخر قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طحٰہ فاروقی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ محمد احمد خان کی یہ کامیابی ہزاروں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ محنت، عزم اور تعلیم کے ذریعے ہر قسم کی رکاوٹوں کو عبور کیا جا سکتا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کے بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ سماعت سے محروم افراد کے لیے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور قائدانہ مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ان کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے تاکہ دیگر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو، اور سندھ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور شمولیتی تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وطن واپس پہنچنے کے بعد بھی ڈیف کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔یہ کامیابی سندھ کے لیے ایک بڑے اعزاز کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور اس سے سماعت سے محروم افراد کے لیے تعلیم اور ترقی کے دروازے مزید کھلنے کی امید ہے۔