وزیراعلیٰ انڈرگریجوایٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت 30 ہزار اسکالرشپس، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر

وزیراعلیٰ انڈرگریجوایٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت 30 ہزار اسکالرشپس، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر

لاہور: وزیراعلیٰ ہونہار انڈرگریجوایٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت مستحق اور ہونہار طلبہ کے لیے 30 ہزار اسکالرشپس کی فراہمی کے لیے درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کے لیے 15 ستمبر تک پورٹل کھلا رہے گا جس کے بعد درخواستوں کی وصولی بند کر دی جائے گی۔ یہ اسکالرشپ اسکیم مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی معاونت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ وہ اپنے تعلیمی اخراجات کی فکر کے بغیر اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں۔رواں سال اس پروگرام کے تحت 30 ہزار طلبہ کو اسکالرشپس دی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے جبکہ اسکالرشپ کا دورانیہ 4 سے 5 سال ہوگا۔

انتخابی معیار کے مطابق اسکالرشپ دینے کے لیے 30 فیصد نمبر میٹرک اور 70 فیصد نمبر انٹرمیڈیٹ کے حساب سے شمار کیے جائیں گے۔حکومتی ترجمان کے مطابق یہ اقدام تعلیم کے فروغ اور ہونہار طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے جس سے ہزاروں گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔