شہریوں کیلئے خوشخبری،حکومت کا آئندہ سال بھی بسنت بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

شہریوں کیلئے خوشخبری،حکومت کا آئندہ سال بھی بسنت بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

حکام نے بسنت 2027 کے انتظامات کے لیے پہلے ہی پیشگی تیاری اور مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ آئندہ سال یہ تہوار بھرپور اور منظم انداز میں منایا جا سکے۔

 ذرائع کے مطابق گزشتہ سال کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور پچھلی خامیوں کو دور کیا جائے گا۔خصوصی اقدامات میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے پتنگ اور ڈور کی پیداوار اور مارکیٹ میں دستیابی کو وقت سے پہلے یقینی بنانا شامل ہے۔ اس حوالے سے حکام غور کر رہے ہیں کہ سامان کی پیداوار اور سپلائی کے لیے چھ ماہ قبل اجازت دی جائے تاکہ مارکیٹ میں کافی مقدار میں پتنگ اور ڈور موجود ہو اور قیمتوں میں استحکام آئے۔مزید برآں، صوبے کے دیگر اضلاع اور دیگر صوبوں سے بھی قبل از وقت سامان منگوانے کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری ہے، تاکہ بسنت کے دنوں میں شہریوں کو مناسب مقدار اور مناسب قیمت پر سامان دستیاب ہو۔

گذشتہ بسنت میں صرف ایک ماہ قبل پتنگ اور ڈور بنانے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس بار حکام نے یہ واضح کیا ہے کہ بسنت کے دنوں سے قبل مارکیٹ میں مکمل سامان دستیاب ہوگا تاکہ عوام بلا خوف و خطر تہوار کا لطف اٹھا سکیں۔