راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
بارش کے بعد نالہ لئی اور اس سے منسلک نالوں میں پانی کی سطح ایک موقع پر 20 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے پیش نظر سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں جیسے ڈھوک کالا خان، ممتاز ٹاؤن، بنارس ٹاؤن اور افضل ٹاؤن میں صورتحال خاصی خراب رہی، جہاں بارش اور نالوں کا پانی گلیوں کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں میں درجنوں گھروں میں 6 فٹ تک پانی داخل ہونے سے گاڑیاں، فرنیچر اور الیکٹرانک سامان کو نقصان پہنچا ہے، اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔شدید بارش کے سبب راولپنڈی کی اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی بہت سست ہو گئی اور مختلف مقامات پر ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو گئی۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش گولڑہ کے مقام پر 146 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔حالیہ موسمی صورتحال کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے، لیکن شدید بارش نے ایک بار پھر نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل اور سیلابی خطرات کو جنم دیا ہے۔ صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔