سعودی عرب کے شہر طائف میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

سعودی عرب کے شہر طائف میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

ریاض: سعودی عرب کے شہر طائف اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے ٹھنڈی ہواؤں اور خوشگوار فضاؤں سے لطف اٹھایا۔

تفصیلات کے مطابق طائف اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کالی گھٹاؤں کے برسنے سے جل تھل ایک ہوگیا۔ مسلسل بارش کے باعث مختلف نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو آمدورفت اور روزمرہ معمولات میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔بارش کے بعد شہر کے موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور موسم سے لطف اندوز ہوئے۔ تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث متعلقہ اداروں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے اور موسمی صورتحال سے متعلق جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔