لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں اور اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹاؤن شپ، کچا جیل روڈ اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بعض مقامات پر پانی کی سطح 2 سے 3 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔کچا جیل روڈ پر صورتحال مزید خراب ہوگئی جہاں بارش کے پانی میں متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں۔ گاڑیوں کے خراب ہونے اور سڑک پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار رہی اور شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
شہریوں نے واسا اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نشیبی علاقوں اور شاہراہوں پر جمع بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جاسکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران پانی جمع ہونے والے مقامات کی مستقل بنیادوں پر نشاندہی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران ایسی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔