فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،14 من مضر صحت گوشت پکڑ لیا

اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،14 من مضر صحت بدبودار گوشت پکڑ کر تلف کر دیا۔ ذرائع کے مطابق فوڈ اتھارٹی نے اطلاع ملنے پر پولیس اور ویٹرنری ڈاکٹر کے ہمراہ چک نمبر 48/2-L روڈ پر ایک گاڑی میں لوڈ ذبح جانور کا 14 من مضر صحت بدبودار گوشت پکڑ لیا۔ بتایا گیا ہے کہ گوشت ہوٹلوں پر سپلائی کیلئے لے جایا جا رہا تھا، خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مردہ جانور کو ذبح کیا گیا۔ ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ناقص خوراک فراہم کرنے والوں کا قانون کے مطابق محاسبہ کیا جارہا ہے،فوڈ اتھارٹی ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لا رہی ہے۔