چار غیرقانونی سلاٹر ہائوسز پر چھاپے ، ملوث افراد کیخلاف 4ایف آئی آر درج
ساہیوال(خصوصی رپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ساہیوال کی فرید کالونی میں رات گئے بڑی کارروائی ، 3 ہزار کلو مضر صحت گوشت تلف کرکے 4 ایف آئی آر درج کرادی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی زیرِ نگرانی عارف روڈ، محلہ قصاباں فرید کالونی میں رات کی تاریکی میں چار غیرقانونی سلاٹر ہائوسز پر چھاپے مارے گئے۔ چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ کچھ عناصر بیمار جانوروں کا گوشت تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کر رہے تھے۔ ٹیموں نے کارروائی کے دوران موقع سے تقریباً 3000 کلوگرام ناقص، بدبودار اور انسانی صحت کے لیے مضر گوشت بر آمد کیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ مذکورہ کارروائیوں کے نتیجے میں چاروں مقامات پر ملوث افراد کے خلاف تھانہ غلہ منڈی میں ایف آئی آرز درج کروا دی گئیں جبکہ گوشت سپلائی میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔