چھٹی کے روز لاہور چڑیا گھر میں شہریوں کا رش

مختلف حصوں میں شہریوں کی گہما گہمی ،فش ایکویریم پر خصوصی توجہ 
 لاہور(خصوصی رپورٹ ) چھٹی کے روز لاہور چڑیا گھر میں شہریوں کا رش بڑھ گیا، تفریح کی غرض سے بڑی تعداد میں خاندان اور بچے چڑیا گھر پہنچ گئے۔ مختلف حصوں میں شہریوں کی گہما گہمی رہی جبکہ فش ایکویریم نے خصوصی توجہ حاصل کیے رکھی۔ فش ایکویریم میں مختلف اقسام کی رنگ برنگی مچھلیاں اور آبی حیات دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔ بچوں نے مختلف جانوروں اور پرندوں کو قریب سے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ والدین بھی چھٹی کا دن اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کے لیے چڑیا گھر پہنچتے رہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ مصروف زندگی میں ایسی تفریحی سرگرمیاں بچوں کے لیے خوشگوار تجربہ ہونے کے ساتھ انہیں جانوروں، پرندوں اور قدرتی حیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔چھٹی کے باعث چڑیا گھر کے مختلف حصوں میں رش رہا اور تفریحی مقامات پر شہریوں کی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ شہریوں نے چڑیا گھر میں تفریحی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔