تربیلا ڈیم بھر گیا، راوی اور چناب میں سیلاب کا خطرہ

راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور شیخوپورہ ،خیبرپختونخوا کے اضلاع میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)مون سون بارشوں کے باعث ملک میں دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، تربیلا ڈیم اپنی آخری حد تک بھر گیا جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 68 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور چناب میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ہری پور میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ کے بالائی علاقوں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔