لاہور میں ایل پی جی کی مبینہ گرانفروشی کا سلسلہ جاری ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری طور پر ایل پی جی کی قیمت 304 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہر میں یہ 470 سے 480 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ فورسز مبینہ طور پر اس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہیں، جبکہ دکاندار مؤقف اختیار کرتے ہیں کہ انہیں بھی گیس مہنگی مل رہی ہے۔دکانداروں کے مطابق وہ 450 روپے فی کلو کے حساب سے گیس خرید کر صرف 15 سے 20 روپے مارجن پر فروخت کر رہے ہیں، لہٰذا قیمتوں میں اضافے کی ذمہ داری ان پر نہیں ڈالی جا سکتی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے اور مبینہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔