پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈرینوں اور سیوریج سسٹم کی بڑے پیمانے پر صفائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مون سون سے قبل شہری علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق اس صفائی مہم کے تحت ڈرینوں کی ڈی سلٹنگ اور سیوریج لائنوں کی کلیئرنس ایک ساتھ کی جائے گی، جبکہ پوری کارروائی کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مہم کے لیے حکومت سے اجازت طلب کر لی گئی ہے اور اس کی نگرانی کے لیے ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی میں نور الامین مینگل سمیت ایم ڈی واسا، ڈی جی ادارے اور دیگر متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق صفائی مہم کی نگرانی براہِ راست سیکرٹری ہاؤسنگ کریں گے جبکہ جیو میپنگ اور ڈیجیٹل ڈیٹا سسٹم کے ذریعے تمام کارروائی کو مانیٹر کیا جائے گا۔حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مون سون کے دوران شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال سے بچاؤ اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ گزشتہ برس بعض علاقوں خصوصاً گجرات میں شدید بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کے بعد یہ فیصلہ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔