بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا، ڈیموں سے پانی کا اخراج بڑھا

بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا، ڈیموں سے پانی کا اخراج بڑھا

ملک میں ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے بعد پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کے شارٹ فال میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے صوبوں کی بڑھتی ہوئی پانی کی طلب کے پیش نظر ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کیا ہے۔اس فیصلے کے تحت تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 8 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 30 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم سے بھی پانی کا اخراج 15 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔صوبوں کی سطح پر پانی کی تقسیم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق سندھ کا حصہ 35 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کیوسک جبکہ پنجاب کا حصہ 33 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔پانی کے اخراج میں اضافے سے پن بجلی کی پیداوار بڑھ کر 3400 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر ملک میں بجلی کی پیداوار 16 ہزار 10 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس 8 ہزار میگاواٹ، جوہری بجلی گھر 2880 میگاواٹ، ونڈ پاور 1300 میگاواٹ، سولر 350 میگاواٹ جبکہ دیگر ذرائع سے بھی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔کل طلب 19 ہزار میگاواٹ کے مقابلے میں شارٹ فال اب کم ہو کر 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ زیرو کر دی گئی ہے اور صارفین کو جزوی ریلیف ملا ہے۔