ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا میچ مبینہ طور پر مشکوک، آئی سی سی کی تحقیقات شروع

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا میچ مبینہ طور پر مشکوک، آئی سی سی کی تحقیقات شروع

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹ کینیڈا میں مبینہ بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ تحقیقات دو اہم پہلوؤں پر جاری ہیں، جن میں حالیہ مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ بھی شامل ہے۔  یہ انکشاف کینیڈین پروگرام ’دی ففتھ اسٹیٹ‘ کی ڈاکیومنٹری ’کرپشن، کرائم اینڈ کرکٹ‘ میں کیا گیا۔  ڈاکیومنٹری کے مطابق، اس میچ میں ایک اوور کو مشکوک قرار دیا جا رہا ہے، جس میں کپتان دلپریت باجوا نے غیرمعمولی بولنگ کی اور اضافی رنز دیے۔اسی دوران ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی زیرِ تفتیش ہے، جس میں سابق کوچ خرم چوہان نے دعویٰ کیا کہ بورڈ حکام نے ٹیم سلیکشن پر دباؤ ڈالا۔

سابق کوچ پبڈو دسانائیکے نے بھی الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں مخصوص کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر مجبور کیا گیا، اور انکار پر ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دی گئی۔  مزید برآں، کرکٹ کینیڈا کو انتظامی بحران، مالی مسائل اور کھلاڑیوں کی ادائیگیوں میں تاخیر کا بھی سامنا رہا ہے۔  اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان معاملات پر تبصرہ نہیں کر سکتے، لیکن جہاں بھی کھیل کی شفافیت کو خطرہ ہو، تحقیقات جاری رہیں گی۔