ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع بھکر میں دریائے سندھ کے کنارے سیر کے دوران ایک المناک حادثہ پیش آیا، جس میں 21 سالہ نئی نویلی دلہن نے اپنے دو کمسن کزنز کو بچانے کی کوشش میں دریا میں چھلانگ لگا دی، لیکن تینوں افراد بے رحم لہروں کی نذر ہو گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب شادی کو صرف 15 دن مکمل کرنے والی لڑکی اپنے شوہر لعل شاہ کے ہمراہ رشتہ داروں سے ملنے بھکر آئی تھی۔ سیر کے دوران وہ اپنے میزبان تقی شاہ کی دو بیٹیوں، 6 سالہ اور 13 سالہ بچیوں کے ہمراہ دریائے سندھ کے کنارے پہنچی۔پولیس کے مطابق سیر کے دوران دونوں بچیاں اچانک دریائے سندھ کے پانی میں گر گئیں۔ انہیں ڈوبتا دیکھ کر 21 سالہ لڑکی نے فوری طور پر بچانے کی کوشش کی اور دریا میں چھلانگ لگا دی، لیکن تینوں ہی جانبر نہ ہو سکیں۔
حادثے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ 6 اور 13 سالہ بچیوں کی نمازِ جنازہ جھوک جنڈو میں ادا کی گئی، جبکہ 21 سالہ لڑکی کی نمازِ جنازہ کاٹھانوالہ میں ادا ہوئی۔اہلِ علاقہ اور عزیز و اقارب نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان دلہن کا جذبۂ ایثار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جو اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی زندگی بچانے کے لیے دریا میں کود گئی۔