چین میں انوکھا اتفاق، دلہا اور دلہن کا نام ایک ہی نکلا، شادی کی دستاویزات میں بھی مشکلات

چین میں انوکھا اتفاق، دلہا اور دلہن کا نام ایک ہی نکلا، شادی کی دستاویزات میں بھی مشکلات

چین میں ایک نوبیاہتا جوڑا اپنے منفرد اتفاق کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں حیرت انگیز طور پر دلہا اور دلہن دونوں کا نام ایک ہی ہے۔

 اس غیر معمولی مماثلت کے باعث جہاں لوگ اسے قسمت کا کھیل قرار دے رہے ہیں، وہیں جوڑے کو بعض عملی معاملات میں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

دلہا اور دلہن دونوں کا نام زو شیاؤ کونگ
چینی صوبے ژجیانگ میں 6 اکتوبر کو 33 سالہ دلہے اور 28 سالہ دلہن کی شادی ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کا نام زو شیاؤ کونگ ہے اور اسے چینی زبان میں ایک جیسے حروف کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔جوڑے کی شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد یہ منفرد اتفاق لوگوں کی توجہ حاصل کرنے لگا۔ دلہن کے مطابق، ان کے بعض رشتے دار جو دلہے کو نہیں جانتے تھے، ابتدا میں سمجھے کہ شادی کے انتظامات کرنے والے شخص سے نام لکھنے میں غلطی ہوگئی ہے۔تاہم جب انہیں معلوم ہوا کہ دلہا اور دلہن کا نام واقعی ایک ہی ہے تو انہوں نے اسے محض غلطی کے بجائے قسمت کا لکھا ہوا اتفاق قرار دیا۔

دونوں کا تعلق ایک ہی شعبے سے بھی ہے
اس جوڑے کی مماثلت صرف نام تک محدود نہیں۔ دونوں کا تعلق چین کے صوبے ژجیانگ سے ہے اور دونوں سول ایوی ایشن کی صنعت میں کام کرتے ہیں۔دلہن پیشے کے اعتبار سے فلائٹ اٹینڈنٹ ہیں، جبکہ دلہا ایوی ایشن سیفٹی آفیسر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

2016 میں جاب فیئر کے دوران دلچسپ واقعہ
دونوں کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک جاب فیئر کے دوران ہوئی تھی۔ اس موقع پر جب انٹرویو لینے والے شخص نے زو شیاؤ کونگ کا نام پکارا تو دونوں افراد بیک وقت کھڑے ہوگئے۔اس وقت دونوں نے اسے ایک معمولی اتفاق سمجھا اور اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ مستقبل میں ان کے راستے دوبارہ مل سکتے ہیں۔بعد ازاں دلہے کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے، جو دلہن کے ساتھ تعلیم حاصل کر چکا تھا، دونوں کے ایک جیسے ناموں پر توجہ دی اور انہیں ایک دوسرے سے متعارف کرایا۔ یوں یہ اتفاق ان کی ملاقات کا ذریعہ بن گیا۔

2019 سے تعلق، مگر دستاویزات میں مشکلات
رپورٹ کے مطابق، دونوں 2019 سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔ ایک جیسے نام ان کے لیے دلچسپ یادوں کا سبب تو بنے، لیکن بعض سرکاری اور انتظامی معاملات میں پیچیدگیاں بھی پیدا ہوئیں۔رواں سال مئی میں شادی کی رجسٹریشن اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دیتے وقت کمپیوٹر سسٹم کو دونوں کی معلومات الگ الگ شناخت کرنے میں دشواری پیش آئی۔ نتیجتاً متعلقہ عملے کو یہ کارروائی دستی طور پر مکمل کرنا پڑی۔

سوشل میڈیا پر قسمت کا انوکھا کھیل
جوڑے کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین اس اتفاق کو دلچسپ اور غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔ ایک ہی نام، ایک ہی صوبے سے تعلق اور ایک ہی صنعت میں ملازمت کے بعد دونوں کا زندگی کے ساتھی بن جانا اس کہانی کو مزید منفرد بناتا ہے۔