ڈیٹا سنٹر پی ایم آئی یو سے پیکٹا کے حوالے کرنے کا حکم

مقصد ڈیٹا سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے:حکام 
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن نے بڑا انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے ڈیٹا سنٹر کو پی ایم آئی یو سے منتقل کر کے پیکٹا کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیٹا سنٹر فوری طور پر پیکٹا کے کنٹرول میں دیا جائے گا، جبکہ اس کی نگرانی براہِ راست سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو رپورٹ کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیٹا سکیورٹی، شفافیت اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مو?ثر بنانا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے پیکٹا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیٹا کے تحفظ اور شفاف نظام کو یقینی بنائے۔ مزید برآں، ڈیٹا سنٹر کو تمام تعلیمی مانیٹرنگ سسٹمز کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔حکام کے مطابق ڈیٹا سنٹر کی منتقلی کے باوجود متعلقہ عملہ اپنی موجودہ پوسٹنگ سے ہی تنخواہیں وصول کرتا رہے گا، جبکہ آئندہ پانچ ماہ کے دوران سپیشلائزڈ ہیومن ریسورس کی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔دوسری جانب، پیف اور پیما کے تحت ٹھیکے پر دیے گئے سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے ایک نیا نظام بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے تعلیمی نظام میں شفافیت اور خودمختاری کو مزید فروغ ملے گا۔