تھانوں میں پیش نہ ہونے والے 4ہزار 470ملزم بھی پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ اشتہاری مجرم معاشرے میں خوف اور بدامنی کا باعث بنتے ہیں۔ پولیس کی مؤثر حکمت عملی سے سینکڑوں گینگز کا خاتمہ ممکن ہوا۔ اشتہاریوں کی گرفتاری سے وارداتوں کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔فیصل کامران نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے سلسلے میں سپیشل ٹاسک کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ابتک مجموعی طور پر 8ہزار 360 اشتہاری و عدالتی مفروران گرفتار کئے گئے۔مقدمات میں نامزد، تھانوں میں پیش نہ ہونے والے 4ہزار 470ملزمان بھی حراست میں لئے گئے۔مختلف کارروائیوں کے دوران 1594 عادی مجرمان کو بھی حوالات پہنچایا گیا۔فیصل کامران نے بتایا کہ 2 ہزار296 عدالتی مفروران کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیاجبکہ خفیہ اطلاعات پر دیگر اضلاع سے167 خطرناک اشتہاری گرفتار کیے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں شہریوں کے تحفظ کی ضامن ہیں۔ شہری کمیونٹی پولیسنگ کے تحت ہماری مدد کریں اوراشتہاری و مفروران کی اطلاع 15 پر دیں۔