پی ایچ پی:409 اشتہاری اور عدالتی مفرور گرفتار

 نومبر میں 252 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کیں : ترجمان 
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت، تحفظ اور قوانین کی پاسداری کے لیے سرگرم عمل ہے جس کے تسلسل میں پی ایچ پی نے ماہِ نومبر 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایچ پی نے بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 409 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ صوبہ بھر میں 252 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 47 ہزار 131 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1421 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 20 ہزار 579 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ پی ایچ پی نے 24 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا جبکہ 2732 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنایا گیا۔ شاہرات پر 22 ہزار 288 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکز پر 18 ہزار 940 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات مہیا کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 20 مقدمات درج کیے گئے جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 02 رائفلز، 18 پسٹلز اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسی طرح منشیات فروشوں سے 886 لیٹر شراب، 940 گرام چرس اور 58 گرام افیون برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی ایچ پی کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی، شہریوں کی خدمت اور تحفظ کے لیے افسران و اہلکار خلوص نیت، محنت اور ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔