نارتھ کراچی: بین الاقوامی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر حملہ، 4 افراد گرفتار

نارتھ کراچی: بین الاقوامی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر حملہ، 4 افراد گرفتار

نارتھ کراچی میں واقع ایک بین الاقوامی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔یہ واقعہ 16 اپریل کی شب تھانہ سرسید کی حدود میں پیش آیا، جہاں مشتعل ہجوم نے ریسٹورنٹ پر شدید پتھراؤ کیا اور توڑ پھوڑ کی، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق حملے کے دوران پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا، جن میں وسیم عمر، عزیر ابراہیم، حماد عباس اور عبید الیاس شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق، واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ سرسید میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں انسداد دہشت گردی، املاک کو نقصان پہنچانے اور عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق، 80 سے 100 افراد پر مشتمل ہجوم نے ریسٹورنٹ پر پتھراؤ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ پولیس تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق، یہ حملہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی ایک کوشش تھی، جس پر فوری اور سخت کارروائی کی گئی ہے۔