حیدرآباد: ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے افسوسناک حادثہ، دو لڑکیاں جاں بحق

حیدرآباد: ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے افسوسناک حادثہ، دو لڑکیاں جاں بحق

حیدرآباد میں ایک افسوسناک واقعے میں دو لڑکیاں ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئیں۔

 یہ واقعہ آٹوبھان روڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں لڑکیاں جلدی میں ٹریک پار کر رہی تھیں۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت 23 سالہ سونیا اور 24 سالہ روشنی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ایک نجی این جی او میں ملازم تھیں اور صبح کے وقت اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلی تھیں۔ حادثے کے فوراً بعد دونوں کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔

مقامی عینی شاہدین کے مطابق ٹرین تیز رفتاری سے گزر رہی تھی اور گارڈز کی وارننگ کے باوجود لڑکیاں جلدی میں ٹریک عبور کرنے لگیں، تاہم بروقت نہ رک سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسردگی کی فضا چھا گئی جبکہ اہل علاقہ نے ریلوے حکام اور شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے مقامات پر حفاظتی اقدامات سخت کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ محض ایک حادثہ تھا، تاہم کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہ کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔