چیٹ جی پی ٹی نے دنیا کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن کر انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا

چیٹ جی پی ٹی نے دنیا کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن کر انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا

چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ کے طور پر نئی کامیابی حاصل کی ہے، جس نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ایپ انٹیلی جنس فرم "ایپ فیگرز" کے مطابق، مارچ 2025 میں چیٹ جی پی ٹی نے ایپ اسٹور اور گوگل پلے پر مجموعی طور پر 4 کروڑ 60 لاکھ نئی انسٹالز حاصل کیں، جو کہ فروری کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہیں۔

یہ کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب چیٹ جی پی ٹی پہلی مرتبہ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کو ڈاؤن لوڈز کی تعداد میں پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن گئی۔ انسٹاگرام نے بھی تقریباً 4 کروڑ 60 لاکھ ڈاؤن لوڈز حاصل کیے، لیکن یہ تعداد چیٹ جی پی ٹی سے معمولی فرق سے کم رہی۔ ٹک ٹاک فروری میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ تھی، لیکن مارچ میں وہ تیسرے نمبر پر آگئی، جس کے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈاؤن لوڈز ہوئے۔فیس بک اور واٹس ایپ نے بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ایپ فیگرز کے مطابق، چیٹ جی پی ٹی کی تیز رفتار مقبولیت کی بنیاد پر یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی یہ پوزیشن آئندہ مہینوں میں بھی برقرار رہ سکتی ہے۔

مارچ کے مہینے میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی 10 ایپس کے مجموعی انسٹالز 33 کروڑ 90 لاکھ رہے، جو فروری کے 29 کروڑ 90 لاکھ کے مقابلے میں واضح اضافہ تھا۔چیٹ جی پی ٹی کی اس کامیابی کا ایک بڑا سبب اس کی نئی اپڈیٹس ہیں، جن میں مارچ میں اس کی امیج جنریشن کی صلاحیت میں بڑی اپڈیٹ شامل ہے۔ اس اپڈیٹ کے بعد صارفین میں اسٹوڈیو گھبلی طرز کی تصاویر اور میمز بنانے کا ایک نیا رجحان مقبول ہوا۔ ایپ فیگرز کا کہنا ہے کہ ان اپڈیٹس کے باوجود چیٹ جی پی ٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اس کی کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔