برطانوی سیاسی جماعت ریفارم یو کے کی مقبولیت میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے، جو حالیہ سروے میں سب سے آگے جا رہی ہے۔
نائیجل فراج کی قیادت میں ریفارم یو کے نے حکمراں جماعت لیبر پارٹی کو 4 پوائنٹس اور کنزرویٹیو پارٹی کو 6 پوائنٹس پیچھے چھوڑ دیا ہے۔2487 افراد پر کیے گئے اس سروے میں ریفارم یو کے کو 27 فیصد حمایت حاصل ہوئی ہے، جبکہ لیبر پارٹی کو 23 فیصد، کنزرویٹیو پارٹی کو 21 فیصد، لبرل ڈیموکریٹ کو 11 فیصد، اور گرین پارٹی کو 10 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ اگر یہ حمایت نشستوں میں تبدیل ہو جائے تو نائیجل فراج کی جماعت پارلیمنٹ میں 212 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔سروے کے مطابق، لیبر پارٹی کو 196 سیٹیں ملیں گی، جو اس کی موجودہ حمایت سے 216 سیٹیں کم ہیں۔
کنزرویٹیو پارٹی کو 39 سیٹوں کی کمی کے ساتھ 106 سیٹیں ملیں گی، لبرل ڈیموکریٹ کو 72 اور گرین پارٹی کو 7 سیٹیں ملیں گی۔یہ سروے اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ریفارم یو کے پہلی بار پارلیمنٹ میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر داخل ہو سکتی ہے، جو برطانوی سیاست میں ایک اہم تبدیلی ہو گی۔ اگر اگلے الیکشن تک یہ صورتحال برقرار رہتی ہے، تو برطانیہ کی سیاست میں ایک دھماکہ خیز تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔