اب قومی شناختی کارڈ نمبر ہی میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر ہو گا:مصطفیٰ کمال

 اب قومی شناختی کارڈ نمبر ہی میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر ہو گا:مصطفیٰ کمال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ قومی شناختی کارڈ کا نمبر اب میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر کے طور پر کام کرے گا۔

مصطفیٰ کمال نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’ایک مریض، ایک شناخت‘ کے وژن کے تحت مریضوں کے میڈیکل ریکارڈ کے لیے ایم آر نمبر کا نفاذ کیا جائے گا۔ اس اقدام سے پورے ملک میں کسی بھی وقت مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ قابلِ رسائی ہوگا۔وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان کے ہیلتھ سسٹم میں مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جامع ڈیٹا موجود نہیں، جسے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اب نادرا کے ڈیٹا بینک کی مدد سے ایک جدید، مؤثر اور مربوط ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کے ذریعے عوام کو طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم روایتی نظام سے نکل کر ڈیجیٹل ہیلتھ کو اپنائیں تاکہ ہر فرد کو معیاری اور پائیدار علاج میسر ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نادرا کا ڈیٹا بیس نئے ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا، اور ’ایک مریض، ایک شناخت‘ کے وژن کے تحت پورے ملک میں ایک ایم آر نمبر نافذ کیا جائے گا، جس کا آغاز قومی شناختی کارڈ نمبر سے کیا جائے گا۔