کراچی میں نان ریکوری پر پورا فیڈر بند کرنا بل دینے والوں کے ساتھ زیادتی ہے: مصطفیٰ کمال

کراچی میں نان ریکوری پر پورا فیڈر بند کرنا بل دینے والوں کے ساتھ زیادتی ہے: مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (MQM-P) کے رہنما سید مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں کراچی میں بجلی کی نان ریکوری پر پورے فیڈر کی بندش کو ناانصافی قرار دیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پورے فیڈر کو بند کرنا ان صارفین کے ساتھ زیادتی ہے جو بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے علاقوں میں جہاں کچھ لوگ بل نہیں دیتے، وہاں بل ادا کرنے والے صارفین کو سزا کیوں دی جا رہی ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت تھرمل پاور بند کر کے کوئلے پر منتقل ہونے کا ارادہ رکھتی ہے تو اس کے بعد کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ اگر مستقبل میں کوئلے سے چلنے والے پلانٹس میں بھی مسائل پیدا ہوئے تو متبادل کیا ہوگا؟اس موقع پر سیکریٹری پاور ڈویژن نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مستقبل کے لیے توانائی کے منصوبوں کی پیش گوئی (Forecasting) کر رہی ہے اور آئندہ 10 سال کے لیے جدید منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے تین سالوں میں کئی آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس بند کر دیے جائیں گے، جبکہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس مختصر وقت میں لگائے جا سکتے ہیں تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔پاور حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بجلی کی ترسیل اور پیداوار کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ مستقبل میں بجلی کی کمی کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔