کراچی میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی وفاقی گورنمنٹ ڈسپنسری میں قائم کیے گئے ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو مختلف ویکسینز اور متعلقہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مسافروں کے پاس مینجائٹس ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے، جبکہ حج اور عمرہ پر جانے والے افراد کے لیے یہ سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کے تمام شناختی کارڈ نمبرز کو میڈیکل ریکارڈ نمبر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ ویکسینیشن کی تمام فیس آن لائن وصول کی جائے گی جبکہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس کو بھی اس نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صوبے ہوں یا انتظامی یونٹس، ایم کیو ایم اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، لیکن کراچی سے کشمور تک 80 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم تیسری جنگ عظیم رکوانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ دوسری جانب ملک میں بچے کتوں کے کاٹنے سے جان سے جا رہے ہیں۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بنائے گئے 1973 کے آئین میں نئے صوبوں کے قیام کی گنجائش موجود ہے۔