اراضی خورد برد نیب ریفرنس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

 راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی کی احتساب عدالت نے اراضی خورد برد نیب ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ضمانت منظورکر لی۔چودھری پنجاب پرویز الہٰی سمیت 18ملزمان کے خلاف تخت پڑی جنگلات کی 6ہزار کنال اراضی خرد برد ریفرنس کی سماعت راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج اعجاز علی نے کی۔ پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے راسخ الہٰی عدالت میں پیش ہوئے۔ پرویز الہٰی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی۔ عدالت نے پرویز الہٰی کی ضمانت اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت نے پرویز الہٰی کو 5لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جو جمع کروا دئیے گئے۔بعدازاں نیب ریفرنس کی سماعت 21مئی تک ملتوی کردی گئی۔