پاکستان میں فٹبال کا نیا باب، پرتگالی کلب ایف سی پورٹو کی سیالکوٹ میں اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان

پاکستان میں فٹبال کا نیا باب، پرتگالی کلب ایف سی پورٹو کی سیالکوٹ میں اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان

پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی، پرتگال کے معروف فٹبال کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا۔

معاہدے کے تحت سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کے تعاون سے عالمی معیار کی ’ڈریگن فورس بائی ایف سی پورٹو‘ اکیڈمی قائم کی جائے گی، جہاں پاکستانی نوجوانوں کو جدید اور پیشہ ورانہ انداز میں فٹبال کی تربیت فراہم کی جائے گی۔اکیڈمی ’فارورڈ اسپورٹس‘ کی سرپرستی میں فعال ہوگی، جو فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل فٹبالز تیار کرنے والے ادارے کے طور پر کام کرتا ہے۔ایف سی پورٹو اپنے یورپی تربیتی ماڈل اور تجربے کو پاکستان منتقل کرے گا، جس کے ذریعے نوجوان فٹبالرز کو اعلیٰ معیار کی تربیت اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

سیالکوٹ میں نئی اکیڈمی کے قیام کے بعد ایف سی پورٹو کے عالمی تربیتی نیٹ ورک سے وابستہ زیرِ تربیت نوجوانوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔فٹبال اکیڈمی کا قیام پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس اقدام سے پاکستان میں فٹبال کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر تربیت اور مواقع فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔