زمبابوے کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے بھارت کے لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا مردوں کی ون ڈے کرکٹ میں طویل ترین کیریئر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
برینڈن ٹیلر نے گزشتہ روز ہرارے میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شرکت کی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کا 208واں میچ تھا۔ اگرچہ وہ بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم انہوں نے ایک شاندار کیچ پکڑ کر اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا اور ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔40 سالہ برینڈن ٹیلر کا ون ڈے کیریئر اب 22 سال اور 146 دن پر محیط ہوگیا ہے، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 22 سال اور 91 دن تک ون ڈے کرکٹ کھیلی تھی۔ اس طرح ٹیلر نے ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر مردوں کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے طویل عرصے تک کھیلنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔سچن ٹنڈولکر ون ڈے کرکٹ میں 18 ہزار 426 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 463 ون ڈے میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی قائم کر رکھا ہے۔
برینڈن ٹیلر زمبابوے کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل وہ 205 اننگز میں 6 ہزار 704 ون ڈے رنز اور 11 سنچریاں اسکور کرچکے تھے، جو زمبابوے کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ ہے۔ٹیلر کے بین الاقوامی کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ بھی آئے۔ 2022 میں انسدادِ بدعنوانی قوانین کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے ان پر ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کی تھی۔ سزا مکمل کرنے کے بعد انہوں نے 2025 میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی۔