مکہ پر حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام، سعودی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کیا

مکہ پر حوثیوں کا ڈرون حملہ ناکام، سعودی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کیا

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ڈرون کو 15 ستمبر کی شام 6 بج کر 50 منٹ پر مکہ مکرمہ کے جنوب میں تباہ کیا گیا، جبکہ اس کا ملبہ شہر کے جنوب میں گرا۔ترکی المالکی نے اسے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی دوسری کوشش قرار دیتے ہوئے 27 جولائی 2017 کے بیلسٹک میزائل واقعے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دو مقدس مساجد اور زائرین کی سلامتی ریڈ لائن ہے اور مزید حملوں کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب حوثیوں نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی سعودی الزام کی تردید کی ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب سعودی حکام کے مطابق حوثیوں کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں میں خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں 13 شہری زخمی ہوئے جبکہ متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔سعودی اتحادی افواج نے مزید حوثی حملوں کی روک تھام کے لیے جوابی اور انسدادی اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔