مکہ مکرمہ میں جاری کیا جانیوالا یہ اپنی نوعیت کا پہلا الرٹ تھا :سول ڈیفنس
الرٹ کچھ ہی دیر بعد ختم کردئیے گئے ، کسی حملے کی اطلاع نہیں دی گئی
ریاض(خصوصی رپورٹ )سعودی عرب نے منگل کو مقدس شہر مکہ مکرمہ سمیت جدہ اور طائف کے علاقوں میں ممکنہ حملوں کے حوالے سے مختصر حفاظتی الرٹ جاری کردیا۔ یہ الرٹس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی حالیہ دنوں میں سعودی عرب کو بار بار نشانہ بنا رہے ہیں۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق مکہ مکرمہ میں جاری کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا الرٹ تھا جو مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے آغاز کے بعد سامنے آیا۔ تاہم تینوں علاقوں میں جاری کیے گئے الرٹس کچھ ہی دیر بعد ختم کردیے گئے اور کسی حملے کی اطلاع نہیں دی گئی۔یہ پیش رفت ایک روز بعد سامنے آئی جب یمن سے سعودی عرب کی جانب بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کے متعدد حملے کیے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں مملکت کے جنوبی علاقے میں 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔مکہ مکرمہ میں ممکنہ حملے کے الرٹ نے خطے میں جاری جنگ کے پھیلتے ہوئے خطرات پر تشویش مزید بڑھا دی ہے۔