سابق وزیر کا اغوا، زرداری ہائوس انچارج سمیت 9 افراد مقدمے میں نامزد

پولیس کی کارروائی،2ملزمان گرفتار، مظفر زرداری تاحال گرفتارنہ ہوسکا،چھاپے:پولیس
نواب شاہ(آئی این پی )نواب شاہ میں سابق صوبائی وزیر علی حسن جانھیو کے اغوا کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، جس میں زرداری ہائوس ٹنڈوآدم کے انچارج مظفر علی زرداری کو نامزد جبکہ 9 نامعلوم افراد کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے میں اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹنڈوجام کے گائوں غلام محمد زرداری سے 2 ملزمان عمران زرداری اور بخش زرداری کو گرفتار کرلیا، تاہم مقدمے میں نامزد مظفر علی زرداری تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔علی حسن جانھیو کو ان کے گائوں کھپرو سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد واقعے کا نوٹس وزیر داخلہ سندھ اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے لیا۔ذرائع کا دعوی ہے کہ مغوی علی حسن جانھیو کو ایک ڈیل کے تحت پولیس کے حوالے کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔