اسلام آباد (آن لائن) پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاج کے خلاف درج مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمے کی تحقیقات کے لیے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے سربراہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی آئی بی کا بھی ایک نمائندہ شامل ہے تاکہ تحقیقات مکمل شفاف اور جامع انداز میں ہو سکیں۔اسلام آباد پولیس نے مقدمے میں نامزد ملزمان میں سے 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایم این اے شفقت اعوان، سابق ایم این اے عمر اسلم، ایم پی اے رفعت شاہ، سرفراز ڈوگر، ملک اسد اور طیب رشید شامل ہیں۔پولیس نے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پارلیمنٹ کے قریب قیدی وینز بھی تعینات کر دی ہیں۔ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔